پاکستان

نوابشاہ: پولیس چوکی پرحملہ، اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی

تحریک طالبان پاکستان نے عبدالحق جمالی پولیس چیک پوسٹ پرحملے کی ذمہ داری نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے.
|

نوابشاہ: صوبہ سندھ کے شہر نوابشاہ میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا.

پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات کو ریلوے پھاٹک باندی کے قریب عبدالحق جمالی پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا اور شدید فائرنگ سے چیک پوسٹ پر تعینات 50 سالہ پولیس اہلکار عبدالقیوم راجپوت موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا پولیس اہلکار 32 سالہ عبدالفتح شدید زخمی ہوگیا.

ہلاک اور زخمی اہلکار کو پیپلزمیڈیکل کالج ہسپتال نوابشاہ لایا گیا، جہاں عبدالفتح کی حالت تشویش ناک بتائی گئی.

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) پرویز عمرانی کے مطابق نا معلوم مسلح افراد دونوں پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی لے کر فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے علاقے کا مکمل طور پر محاصرہ کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے.

دوسری جانب نوابشاہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرلی.

ٹی ٹی پی ترجمان محمد خراسانی نے اپنے ایک ای میل بیان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تاہم اس دعوے کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی.