پاکستان

سرکاری خط و کتابت اردو میں شروع

وزیر اعظم ہاوس نے پہلی مرتبہ ایوان صدر کو انگریزی کے بجائے اردو زبان میں ایک سمری بھجوا دی۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر اردو کو ملک کی سرکاری زبان بنانے پر عمل شروع کر دیا۔

بدھ کے روز وزیر اعظم ہاوس نے جسٹس جواد ایس خواجہ کو 17 اگست سے سپریم کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے سے متعلق ایوان صدر کو اردو میں ایک سمری بھجوائی۔

ایوان صدر نے ڈان کو بتایا کہ انہوں نے آج وزیر اعظم ہاوس سے اردو زبان میں پہلی سرکاری دستاویز موصول کی۔

حکومت نے دس جولائی کے روز سپریم کورٹ کو آگاہ کیا تھا کہ انگریزی کی جگہ اردو کو مرحلہ وار ملک کی سرکاری زبان بنانے کا ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیا جا چکا۔

حکومت پہلے ہی مختلف محکموں کے سربراہان کو وفاقی کابینہ کی جانب سے سرکاری دستاویزات اردو میں لکھنے کے حکم سے متعلق آگاہ کر چکی ہے۔

چودہ مئی کو جاری ہونے والے ایک سرکاری سرکلر میں اردو کو سرکاری زبان بنانے سے متعلق محکموں کے سربراہان سے تجاویز مانگی گئی تھیں۔

دوسری جانب، محکمے حکومتی آرڈر پر عمل درآمد کے حوالےسے شش وپنج میں مبتلا ہے کیونکہ وہ مستقبل میں اردو کو سرکاری زبان بنانے میں مسائل دیکھ رہے ہیں۔

حکومت نے محکموں کو دستاویزات، فارم اور یوٹیلٹی بل انگریزی سے اردو میں بدلنے کیلئے تین مہینوں کا وقت دیا ہے۔