پاکستان

ڈی-سیٹنگ معاملہ: اسپیکر کا الطاف حسین کو ٹیلی فون

سردار ایاز صادق نے ایم کیو ایم قائد سے پی ٹی آئی کے 28 ارکان اسمبلی کی ڈی-سیٹنگ سے متعلق تحریک واپس لینے کی درخواست کی۔

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بدھ کو غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر پاکستان تحریک انصاف کے 28 ارکان اسمبلی کی ڈی-سیٹنگ سے متعلق تحریک واپس لینے کی درخواست کی۔

اسمبلی کے ایک سینئر افسر نے ایاز صادق اور الطاف حسین میں رابطے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں رہنماوں میں شام ساڑھے پانچ بجے رابطہ ہوا۔

افسر کے مطابق، ایم کیو ایم قائد نے پارٹی سے مشاورت کے بعد سپیکر کی درخواست کا جواب دینے کا وعدہ کیا۔تاہم، آخری خبریں آنے تک ایم کیو ایم کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آ سکا۔

دوسری جانب، سپیکر نے ایم کیو ایم اور حکومت کی اتحادی جماعت جے یو آئی – ف کی ڈی-سیٹنگ سے متعلق ایک جیسی تحریکوں کا معاملہ اٹھانے سے قبل جمعرات کی صبح پارلیمانی رہنماوں کا ایک اجلاس طلب کر لیا۔