پاکستان

'الطاف حسین ملک کے سب سے بڑے غدار اور دہشت گرد'

اگر الطاف حسین سے پوچھنا ہے تو ہم اسمبلیوں سے باہر رہیں گے، عمران خان کا اعلان۔

پتوکی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بدھ کے روز کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین 'ملک کے سب سے بڑے غدار اور دہشت گرد' ہیں۔

پتوکی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا 'اگر الطاف حسین سے پوچھنا ہے، نہ پوچھو ہم باہر رہتے ہیں اسمبلیوں سے۔'

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ہم پہلے سے زیادہ ووٹ لے کر اسمبلیوں میں واپس آئیں گے اور نیا پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ نواز کیو چیلنج کیا کہ 'پولیس کے بغیر ایک بھی الیکشن جیت کر دکھائیں'۔

عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف مولانافضل الرحمان کے کندھے پر بندوق نہ چلائیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کے موجودہ نظام سے ایماندار لوگ منتخب نہیں ہوسکتے، ججوں نے الیکشن کمیشن کو بے نقاب کردیا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کانظام درست کرنے کی جنگ چلتی رہے گی جبکہ جب تک نیا پاکستان نہیں بنے گا، اسٹیٹس کو کا مقابلہ کریں گے۔