الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کے رینجرز افسران کو دھمکیاں دینے کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الطاف حسین کو 20 اگست تک گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
خیال رہے کہ تین روز قبل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو مفرور قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : الطاف حسین کو مفرور قرار دے دیا گیا
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے کمرہ نمبر 3 میں الطاف حسین کی جانب سے رینجرز کو دھمکیاں دینے کے مقدمے کی سماعت ہوئی تھی.
قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف سول لائنز تھانے میں رینجرز ترجمان کرنل طاہر محمود کی مدعیت میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا.
سماعت کے دوران تفتیشی افسر محمد نعیم نے عدالت کو بتایا تھا کہ مقدمے میں نامزد ملزم الطاف حسین کو بیرون ملک ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا جاسکا، لہذا انھیں مفرور قرار دیا جائے۔
مزید پڑھیں : ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج
واضح رہے کہ الطاف حسین نے نجی چینل جیو ٹی وی کے ایک پروگرام میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو آپریشن میں شریک رینجرز اہلکاروں کے حوالے سے بظاہر کہا تھا کہ
"رینجرز اہلکار ہیں نہیں، وہ تھے ہو جائیں گے"۔
رینجرز کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمے میں الطاف حسین کے اسی بیان کو شامل کیا گیا تھا۔