جسٹس وجیہہ الدین کی پی ٹی آئی رکنیت معطل
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر جسٹس وجیہہ الدین احمد کی رکنیت معطل کردی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے منع کرنے کے باوجود جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین پارٹی کے اندورنی معاملات پر بیان بازی جاری رکھے ہوئے تھے۔
جس پر عمران خان نے وجیہہ الدین کی رکنیت معطل کردی۔
عمراں خان کا کہنا تھا کہ وہ جسٹس وجیہہ الدین کا بہت احترام کرتے ہیں اور انھوں نے ان سے گذشتہ ہفتے 3 گھنٹے کی طویل ملاقات بھی کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اپنے اندورنی معاملات و اختلافات کو عوامی سطح اور میڈیا پر سامنے نہیں لاتی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں موجود جمہوری کلچر سے پارٹی میں انارکی نہیں پھیلنی چاہیے اور تمام لوگوں کو پارٹی کے نظم و ضبط میں رہ کر شکایات کے ازالے کی کوشش کرنی چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ مغربی جمہوریت میں بھی کسی بھی سیاسی جماعت اپنے کسی بھی ممبرز کو اندورنی معاملات کو عوام میں اچھالنے اور لیڈر شپ پر بے بنیاد الزامات لگانے کی اجازت نہیں دیتی۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے انٹرا پارٹی الیکشن کروائے اور ان انتخابات پر ہونے والی تنقید کے بعد الیکشن ٹریبونل قائم کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جسٹس وجیہہ الدین احمد پارٹی کے سینئر رہنماؤں پر الزمات لگا رہے تھے جس سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہورہی تھی۔
یاد رہے کہ عمران خان نے چار اگست کو پارٹی ارکان کو پارٹی کے اندرونی معاملات سے متعلق میڈیا پر بیانات دینے سے سختی سے منع کیا تھا۔