دنیا

ہندوستان: 5 سال میں 20 جنگی طیارے تباہ

حکام کے مطابق گذشتہ 5 سالوں میں 20 جنگی طیاروں کو ایسے حادثات پیش آئے ہیں جن میں وہ گر کر تباہ ہوئے۔

ہندوستان میں لڑاکا طیاروں کے پائلیٹ کی ناقص تربیت کے باعث گذشتہ 5 سال کے دوران انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) کے 20 لڑاکا طیارے تباہ ہوچکے ہیں۔

انڈیا ٹائمز کے مطابق آئی اے ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگی طیاروں کے حادثات میں اضافے کی وجہ ’پائلٹ ٹرینگ پر سمجھوتہ ہے۔‘

ہندوستانی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی ایئرفورس کو پائلیٹس کی ابتدائی تربیت کے لیے ماہر ٹرینرز کی بھی کمی کا سامنا ہے۔

ہندوستان کی وزارت دفاع کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان کے مجموعی طور پر 20 لڑاکا طیارے جن میں 3 سوکھائی، 12 مگ اور 5 زگوار طیارے شامل ہیں گذشتہ 5 سال حادثے کا شکار ہوچکے ہیں۔

حکام کی جانب سے مگ طیاروں کے حادثے میں اضافے کی وجہ ساٹھ اور ستر کی دہائی میں ان کی روس سے خریداری بتائی ہے۔

کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کے مطابق لڑکا طیاروں کے حادثے میں اضافے کی وجہ انسانی غلطی ہے جو کہ 97-1991 میں 41 فیصد تھی جبکہ 13-2010 میں یہ 51 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

دہلی میں ہندوستانی ایئر فورس کے ترجمان ونگ کمانڈر ایس ایس بردی کا کہنا تھا کہ لڑکا طیاروں کو حادثات سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دہایوں کا موازنہ کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ حادثات میں کمی آئی ہے انھوں نے بتایا کہ 80-1971 میں 29 حادثات ہوئے، 90-1981 کے دوران 31 حادثات ہوئے 2000-1991 کے دوران 27 جبکہ 10-2001 کے دوران 17 حادثات ہوئے تھے۔