پاکستان

الطاف حسین کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری، سیال

وزیر داخلہ سندھ کے مطابق عدالتی حکم پر ایم کیو ایم قائد کی گرفتاری کے لیے پولیس تمام کوششیں بروئے کارلارہی ہے۔

سکھر: وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے عدالتی حکم کی تکمیل کے لیے پولیس تمام کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔

انور سیال کا کہنا تھا کہ رینجرز کے زیر نگرانی ہونے والے کراچی آپریشن سے دہشت گردی سمیت دیگر جرائم، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں 95 فیصد کمی آئی ہے۔

گذشتہ روز سکھر بیراج کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ کراچی کی تاجر برادری آپریشن کے نتائج سے مطمئن ہے جس کی وجہ سے ان کو مزید بھتے کی پرچیاں اور دھمکیاں نہیں مل رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں جاری مشترکہ آپریشن میں پولیس کا بھی قابل ذکر کردار ہے۔

سندھ کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایسا ماحول بنانا چاہتی ہے جس میں کسی بھی تاجر کو کسی بھی فرد کو بھتہ نہ دینا پڑے اور اس کے لیے پولیس اور پیرا ملڑی فورسز اپنا اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شہری پراُمید ہے کہ فوری انصاف ان کی دہلیز پر ملے گا۔

سکھر کے سینئر صحافی کے جبری گمشدگی کے سوال پر سندھ کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صحافی کی واپسی کے لیے ڈی آئی جی کی جانب سے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں الطاف حیسن کے پیرا ملڑی فورسز کے خلاف بیان پر پولیس نے مقامی عدالت میں چارج شیٹ پیش کی تھی جس میں ایم کیو ایم کے قائد کو مفرور قرار دے کر گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔