پاکستان

دہشتگردی کیخلاف لڑائی ' بقاکی جنگ'، آرمی چیف

دنیا کیلئے دہشت گردی ایک تنازع ہوسکتا ہے مگر پاکستان کیلئے بقاکی جنگ ہے، جنرل راحیل شریف۔

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بدھ کے روز کہا کہ آپریشن ضرب عضب پاکستان اور دیگر علاقوں میں میں امن کو یقینی بنائے گا اور دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

روم میں بین الاقوامی سیکیورٹی پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف ایک جامع منصوبہ ہے۔

جنرل راحیل شریف ان دنوں اٹلی کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے امن کے لیے دہشت گردوں سے لڑ رہا ہے اور اہم آپریشن میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ دنیا کیلئے دہشت گردی ایک تنازع ہوسکتا ہے مگر پاکستان کیلئے بقاکی جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن دہشت کے ذریعے ہمارے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہم ان کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

جنرل راحیل نے کہا کہ دہشت گردی نے ہماری اقدار پر حملہ کیا، یہ لعنت مشترکہ کوششوں سے ہی ختم ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ ایک ملک میں امن دوسرے میں امن کے بغیر ممکن نہیں اور پاکستان نے افغانستان کے مصالحتی عمل میں مخلصانہ کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ اسلام آباد افغانستان میں مصالحتی عمل کے حوالے سے مثبت سوچ رکھتا ہے—اے پی پی۔