پاکستان

پاکستان، ایران کےساتھ تجارت کا خواہاں

ایران پر سے معاشی پابندیوں کے ہٹائے جانے سے پاکستان کے لیے تجارت کے وسیع مواقع میسر آئیں گے، طارق فاطمی۔

واشنگٹن: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ ایران پر سے معاشی پابندیوں کے ہٹائے جانے سے پاکستان کے لیے تجارت کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔

ایک بریفنگ کے دوران انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان طالبان اور کابل حکومت کے درمیان مذاکرات کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عسکری فرقہ اگر مذاکرات پر آمادہ نہیں ہوتا تو پاکستانی اور افغان سیکیورٹی فورسز انہیں ہدف بنائیں گی۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ایران-پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل ہونے کے بعد یہ جنوبی ایشیا کی توانائی مارکیٹ کو تبدیل کردے گا اور خطے کی توانائی کی ضروریات پوری ہوسکیں گی۔

ایران کے امریکا کے ساتھ نیوکلیئر معاہدے پر ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ درست قدم اٹھایا گیا ہے، اور ہم اس بات پر بھی یقین رکھتے ہیں پابندیاں اٹھائے جانے سے پاکستان کے لیے ایران کے ساتھ معاشی اور کمرشل تعلقات استوار کرنے میں کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایران کے ساتھ ایک طویل سرحد ہے اور پاکستان ایران کے ساتھ تجارت شروع کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی پابندیاں ہٹائی جاتی ہیں، ہم ایران کے ساتھ تجارت کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔