لائف اسٹائل

ملیریا کیخلاف جدید ترین ویکسین تیار

اب تک کی سب سے جدید ترین ملیریا ویکسین کو جمعے کے روز یورپی ریگولیٹرز کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے

لندن: دنیا کی سب سے جدید ترین ملیریا ویکسین کو جمعے کے روز یورپی ریگولیٹرز کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔

دہائیوں سے جاری تحقیق اور اربوں ڈالر خرچ کرنے کے بعد تیار ہونے والی ویکسین پر یورپی میڈیسن ایجنسی نے مثبت رائے دی۔

تاہم ابھی تک اس ویکسین کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظوری نہیں دی گئی اور یہ شاید 2017 سے قبل دستیاب نہیں ہوگی۔

ماسکورکس ملیریا کے خلاف اب تک کی سب سے جدید ویکسین ہے جس سے ہر سال 20 کروڑ افراد متاثر ہوتے ہیں جبکہ 6 لاکھ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں جن میں سے 75 فیصد پانچ سال سے کم عمر بچے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق صرف افریقہ میں ہر روز ملیریا سے 1200 بچے ہلاک ہوجاتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کو اب اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہے جس کے بعد اس ویکسین کو ویکسینیشن پروگرامز میں استعمال کیا جائے گا اور اس کے لائسنسز بھی جاری ہوسکیں گے۔

عالمی ادارہ صحت کے ترجمان گریگوری ہارٹی کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کو نومبر تک فیصلہ کرلینا چاہیے—اے ایف پی۔