پاکستان

الطاف حسین کا تادم مرگ بھوک ہڑتال کا فیصلہ

بھوک ہڑتال کے انتظامات شروع ہو چکے، مقامی انتظامیہ سے اجازت ملتے ہی بھوک ہڑتال شروع کر دیں گے، الطاف حسین۔

لندن، کراچی: پارٹی سربراہ الطاف حسین نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں تادم مرگ بھوک ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان میں الطاف حسین نے بتایا کہ بھوک ہڑتال کے انتظامات شروع ہو چکے اور مقامی انتظامیہ سے اجازت ملتے ہی وہ بھوک ہڑتال شروع کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، فوج، رینجرز اور پولیس مبینہ طور پر کالے قوانین کا سہارا لے کر مہاجروں کی معاشی اور جسمانی نسل کشی میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے وہ یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہیں۔

'میں نے مہاجروں کے خلاف جاری ظلم و ناانصافی کو رکوانے اور انہیں پاکستان میں ایک باعزت مقام دلوانے کیلئے اپنی زندگی صرف کردی لیکن انصاف نہ ملا'۔

'ان حالات میں میرے پاس کوئی چارہ نہیں کہ میں تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھ جاؤں'۔