پاکستان

’چوہدری نثار الطاف فوبیا کا شکار ہیں‘

ایم کیو ایم نے الطاف حسین کے خلاف بیان جاری کرنے پر وزیر داخلہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ نے الطاف حسین کےخلاف بیان جاری کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

پارٹی رہنما فاروق ستار نے پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ’الطاف حسین، ایم کیو ایم اور پانچ کروڑ مہاجروں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا ‘۔

’چوہدری نثار الطاف فوبیا کا شکار ہیں اور انہوں نے مہاجروں اور الطاف حسین کو جدا کرنے کی کوشش کی‘۔

فاروق ستار کے مطابق، ایم کیو ایم کے پاس چوہدری نثار کے بیان پر پُر امن احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز نے الطاف حسین کی براہ راست تقریر پر غیر اعلانیہ پابندی لگا رکھی ہے اور اب کوششیں ہیں کہ ان کی ٹیلی فونک تقریروں کو بھی بند کر دیا جائے۔

فاروق ستار نے اتوار کو الطاف حسین کی متنازعہ تقریر کے حوالے سے کہا کہ پارٹی قائد مہاجروں کے ساتھ غیر انصافی پر دکھی ہیں۔

’سپریم کورٹ کے مطابق کراچی میں تمام پارٹیوں کے عسکری ونگ ہیں لیکن ہدف صرف ایم کیو ایم کو بنایا جا رہا ہے‘۔

فاروق ستار نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کے بارے میں کہا کہ انہوں نے کراچی میں ہونے والے بجلی کے حالیہ بریک ڈاؤنز ختم کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے روس میں وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے پاکستانی معاملات میں انڈین خفیہ ایجنسی را کے مبینہ طور پر ملوث ہو نے کا معاملہ نہیں اٹھایا۔