پاکستان

’کشمیر کاز کو زیادہ نقصان مشرف نے پہنچایا‘

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ کشمیر کاز کو سب سے زیادہ نقصان فوجی آمرجنرل پرویز مشرف سے ہوا۔

لاہور: وفاقی وزیرِ اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ فوجی آمر جنرل پرویز مشرف نے کشمیر کاز کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بات سب کے علم میں ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اہم مسئلہ ’کشمیر‘ کا ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ اگر مشرف 1999ء میں جمہوری حکومت کا خاتمہ نہ کرتے تو اب تک کشمیر سمیت پاکستان میں بجلی کا بحران ختم ہوچکا ہوتا اور دہشت گردی بھی نہ ہوتی۔

انھوں نے کہا کہ آب پارہ کی سیاسی جماعت اب ختم ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے استفسار کیا کہ مشرف کی بنائی ہوئی پاکستان مسلم لیگ قائداعظم اب کہاں ہے؟

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تمام جماعتوں کی متفقہ رائے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔

انھوں نے سندھ حکومت کی جانب سے آپریشن میں عدم تعاون کی خبروں کو مسترد کیا اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پاکستانی شہری ہے، ان کو حق حاصل ہے کہ وہ جب چاہے ملک واپس آئے اور یہاں آکر رہے۔