پیپلزپارٹی کے سابق رکن اسمبلی پی ٹی آئی میں شامل
گجرانوالہ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو اُس وقت شدید جھٹکے کا سامنا کرنا پڑا جب گجرانوالہ میں پارٹی کے صوبائی نائب صدر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق گجر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
چوہدری طارق گجر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد کیا۔
ان کے ہمراہ گجرانوالہ سٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری بابر مہر، چوہدری صدیق مہر اور دو درجن سے زائد حامی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ چیئرمین عمران خان نے تحریک انصاف میں شامل ہونے والے نئے اراکین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انھیں اگلے عام انتخابات کے دوران قومی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹس دیئے جائیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے مبینہ طور پر چوہدری صدیق مہر کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 96 کے لیے پارٹی ٹکٹ دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔