’ایشیاء 21 ینگ لیڈرز‘ میں دو پاکستانی بھی شامل

نیویارک: امریکی شہر نیویارک کی ایشیاء سوسائٹی کی جانب سے 2015ء کی ’ایشیاء 21 ینگ لیڈرز کلاس‘ میں نامزد 32 'نوجوان لیڈروں' میں دو پاکستانیوں کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔
ان پاکستانیوں میں اسٹریٹیجی اینڈ پروگرام ڈیویلپمنٹ امن فاؤنڈیشن کے محسن مصطفیٰ اور کمیونٹی ورک اینڈ فاؤنڈر آف اسلام آباد کے محمد صابر شامل ہیں۔
تنظیم اپنے دس سال مکمل ہونے پر ’ایشیاء 21 ینگ لیڈرز‘ کے نیٹ ورک میں 30 قوموں سے تعلق رکھنے والے 800 نوجوان لیڈرز کو شامل کرچکی ہے۔
ان میں سے ہر ایک اپنی ذاتی حیثیت میں براعظم ایشیاء کی ترقی کے لیے کام کررہا ہے اور آج کے دور میں خطے کو درپیش سخت چیلنجوں کا سامنا کررہا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایشیاء 21 ینگ لیڈرز‘ میں کسی نوجوان لیڈر کا انتخاب انتہائی سخت مقابلے کے بعد ممکن ہوتا ہے،جو کہ ان کی شاندار کامیابوں، عوامی خدمات سے وابستگی اور دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے پر منحصر ہوتا ہے۔
22 ممالک سے تعلق رکھنے والے ان 32 نوجوان لیڈرز کو مرد اور خواتین میں تقریبا برابری کی بنیاد پر تقسیم کیا جاتا ہے۔
ایشیاء سوسائٹی کی صدر اور سی ای او جوسٹی شیران کا کہنا ہے کہ ’ایشیاء 21 ینگ لیڈر' کی نئی کلاس انتہائی باکمال ہے اور ہم ان کو ایشیاء 21 نیٹ ورک میں متعارف کرانے کے لیے پرجوش ہیں، جہاں وہ دیگر رہنماؤں اور ممکنہ حلیفوں سے ملاقات کے ساتھ ساتھ نئے دوست بھی بنائیں گے۔