افغانستان میں ڈرون حملہ '49 ہلاک'
کابل : افغانستان میں طالبان اور دولت اسلامیہ (داعش) کے حامیوں کے درمیان جاری تصادم والے علاقوں میں دو امریکی ڈرون حملوں میں 49 ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
داعش نے باضابطہ طور پر تو افغانستان میں موجودگی کا اعتراف نہیں کیا مگر ملک میں ان کی موجودگی کے خدشات سامنے آتے رہتے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق یہ ڈرون حملے پیر کو پاکستان کی سرحد سے ملحق صوبہ ننگرہار کے ضلع آشین میں ہوئے جہاں طالبان عسکریت پسندوں اور داعش کے حامیوں کے درمیان حالیہ ہفتوں سے تصادم کی اطلاعات آئی تھیں۔
افغانستان میں نیٹو مشن کے ایک ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی فورسز نے ڈرون حملے فورسز کے لیے خطرہ بننے والوں کے خلاف کیے۔ تاہم ترجمان نے ہدف کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
صوبائی ترجمان احمد ضیاءعبدالزئی نے اے ایف پی فی بتایا کہ حملوں میں ایک " نئے گروپ" کے 49 افراد ہلاک ہوئے۔
افغان جاسوس ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ایس ڈی) کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا کہ افغانستان میں داعش کا " نمبر دو" کمانڈر آشین میں ہونے والے فضائی حملے میں مارا گیا۔
افغان حکام کے مطابق داعش کی ملک میں موجودگی بہت محدود اور وہ بھی طالبان سے الگ دھڑوں پر مشتمل ہے۔