دنیا

یمن: فضائی حملوں اور جھڑپوں میں 176 ہلاک

یمن میں گذشتہ تین ماہ سے جاری جنگ کےدوران یہ ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

صنعا: یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی اتحادیوں کی فضائی کارروائیوں اور جھڑپوں میں عسکریت پسندوں سمیت 176 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے حوثی باغیوں کے زیر انتظام چلنے والے میڈیا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یمن میں گذشتہ تین ماہ سے جاری جنگ کےدوران یہ ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے رمضان المبارک سے قبل سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان مصالحت کی کوششیں کی گئی تھی جو کہ ناکام ہوگئی۔

اقوام متحدہ کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہونے والی اس لڑائی میں اب تک 3000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق گذشتہ روز یمن کے شمالی صوبے عامران میں سعودی اتحادی کارروائی میں 63 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 30 افراد حوثیوں کے زیر انتظام علاقے میں ایک مارکیٹ پر حملے میں ہلاک ہوئے۔

یمنی دارالحکومت سے 50 کلومیٹر دور صوبہ عامران میں حوثی باغیوں کی چیک پوسٹ پر ہونے والی دوسری فضائی کارروائی کے دوران 20 افراد ہلاک ہوئے۔

سعودی اتحادی ممالک کی جانب سے یمن کے جنوبی علاقے الفیوش کی مویشی مارکیٹ میں بھی فضائی حملے میں 60 افراد ہلاک ہوئے۔

مقامی شہریوں کے مطابق یمن کے شہر عدن میں سٹرک پر قائم حوثی قبائل کی ایک چیک پوسٹ پر ہونے والے فضائی حملے میں 30 افراد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں 10 حوثی جنگو بھی شامل ہیں۔

یمن کے وسطی صحرائی صوبے مارب کے مقامی قبائلیوں کا کہنا ہے کہ یمن کے جلا وطن صدر منصور ہادی کے حمایت یافتہ قبائیلی مسلح افراد سے جھڑپ اور فضائی حملے میں حوثی باغیوں اور فوج کے 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جانب سے یمن کے مشیر اسمعیل نے منگل کے روز بھی حوثی باغیوں سے امدادی کاموں کے لیے صنعا میں مذاکرات کیے۔

حوثی قبائل کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ہونے والے حملوں کے باعث امن مذاکارات کو نقصان پہنچا ہے۔