غلطی سے ہندوستان جانے والا کشمیری بچہ واپس
سری نگر: غلطی سے سرحد پار کرکے ہندوستان چلے جانے والے آزاد جموں و کشمیر کے رہائشی ایک 11 سالہ لڑکے کو ہندوستانی فوج کے حکام نے واپس بھیج دیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اٹھمقام کے رہائشی 11 سالہ بچے سمیر کیانی نے گزشتہ ہفتے نادانستہ طور پر ہندوستانی سرحد پار کرلی تھی، جسے انڈین بارڈر سیکیورٹی فورسز نے روک لیا تھا۔
رپورٹ میں ہندوستانی فوجی آفیشلز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مذکورہ بچے کو پکڑے جانے کے بعد پاکستان کو ہاٹ لائن پر سمیر کی حفاظت اور خیریت سے متعلق پیغام دے دیا گیا تھا ۔
پیغام میں فوری طور پر سمیر کی اُس کے خاندان کو واپس کرنے کے لیے فلیگ میٹنگ کی بھی درخواست کی گئی تھی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلیگ میٹنگ تیتوال پوائنٹ پر منعقد کی گئی جہاں بچے کو تنگھدر فرنٹیئر یونٹ کی جانب سے پاکستان آرمی کے نمائندوں کے سپرد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فوج نے سمیر کیانی کو کپڑوں کا ایک جوڑا اور سرحد پار موجود ان کے خاندان کے لیے مٹھائی کے ساتھ رخصت کیا۔
ڈان نے اس حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ سے رابطہ کیا اور ان کے جواب کا انتظار ہے۔