پاکستان

میگا کرپشن کیسز کی فہرست ، وزیر اعظم کا نام شامل

سپریم کورٹ میں جمع نیب کی رپورٹ کے مطابق 150میگا کرپشن کیسز پر کام ہو رہا ہے، کئی سیاستدان اور بیوروکریٹس شامل ہیں
| |

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے 150 میگا کرپشن کیسز سے متعلق فہرست سپریم کورٹ میں جمع کروا دی جس میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے نام بھی شامل ہیں۔

نیب نے جسٹس جواد خواجہ کی سربراہی میں کام کرنے والے عدالت عظمی کے بینچ کو بتایا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف، چوہدری شجاعت سمیت کئی اہم رہنماوں کے خلاف مالی بےضابطگیوں، اراضی اسکینڈل اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق کیسز کی تحقیقات چل رہی ہیں۔

نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 150 میں سے 50 کیسز مالیاتی بے ضابطگیوں، 50کیسز اراضی اسکینڈل اور 50 اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق ہیں۔

مالی بے ضابطگیوں میں 22کیسز میں انکوائری (تحقیقات) ، 13 انویسٹی گیشن (تفتیش) ،15کیسز میں ریفرنس دائر کیے گئے ہیں۔

اراضی اسکینڈل میں 29 انکوائری کے مرحلے میں، 13 انویسٹی گیشن، 8 میں ریفرنس دائر کیے گئے۔

اختیارات کے ناجائز استعمال میں 20 انکوائری، 15 انویسٹی گیشن، 15 میں ریفرنس دائر کیے گئے ہیں۔

نیب کی فہرست میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں میں وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف شامل ہیں۔

نواز شریف اور شہباز شریف پر رائیونڈ سے شریف فیملی ہاوس تک 126 ملین کی سڑک تعمیر کرنے کے الزام میں انکوائری کی جا رہی ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ذرائع سے زائد اثاثہ جات بنانے پر انکوائری جاری ہے، اسحاق ڈار پر 23 ملین پاونڈ کے ساتھ ساتھ 3٫488 اور 1250 ملین ڈالر کے خرد برد پر انکوائری کی جا رہی ہے۔

سابق صدر زرداری کے خلاف ذرائع سے زائد اثاثہ جات بنانے پر کیس زیر سماعت ہے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پر 22 ارب اور ڈیڑھ ارب امریکی ڈالر کے کرپشن کے الزامات کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت کے خلاف معلوم ذرائع سے زائد آمدن پر انکوائری جاری ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کے خلاف 2.428 ارب روپے کی انکوائری کی جارہی ہے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق چئیرمین ای او بی آئی (اولد ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن) ظفر گوندل کے خلاف 567 ملین روپے کی کرپشن کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف آر پی پی کیس میں انکوائری جاری ہے۔

سابق وزیر اعلٰی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے خلاف ذرائع سے زائد آمدن کے 100 ملین روپے کی انکوائری کی جا رہی ہے۔

سابق وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ کے خلاف بھی آمدن سے زائد اثاثہ جات پر انکوائری جاری ہے۔

سابق سیکرٹری انفارمیشن حسین حقانی کے خلاف 3 نجی کمپنیوں کو ایف ایم لائسنس جاری کرنے پر انکوائری جاری ہے۔

حسین حقانی کے خلاف خرد برد کے الزامات میں رقم کا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے۔

این آئی سی ایل کے سابق چئیرمین ایاز خان نیازی کے خلاف 2 ارب روپے کرپشن کی انکوائری جاری ہے۔

سابق چئیرمین این آئی سی ایل عابد جاوید اور دیگر کے خلاف 100 ملین روپے کرپشن کی انکوائری ہو رہی ہے۔

سابق چئیرمین اوگرا توقیر صادق کے خلاف 80٫56ارب روپے کرپشن پر مقدمہ جاری ہے۔

نیب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فنانشل اسکیم میں تاندیانوالہ شوگر ملز کے خلاف 700ملین روپے خرد برد کی انکوائری چل رہی ہے۔

شون گروپ کے خلاف 1٫245ارب روپے کے دانستہ قرض نادہندگی کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

یونس حبیب کے خلاف 3ارب روپے کی دانستہ قرض نادہندگی کی تحقیقات بھی رپورت کا حصہ ہے۔