نقطہ نظر

ملا ریڈیو کا خطاب

اگر فلاح چاھتے ہو تو اپنے گڈریے کی بات سنو اور بھیڑ بکریوں کی طرح قطار میں کھڑے ہو جاؤ۔

اے میرے بھائیو، بڑو، بیٹو اور پسلی سے پیدا ہونے والیو!

میں ہوں آپ کا پسندیدہ میزبان فضل اللہ۔۔ خراسان کے میدانوں میں اپنے حبیبیوں کے درمیان،جہاں سے مجاہدین کے قافلے آخری فتح کے لیے نکلیں گے۔

اے اہلِ سوات! توبہ کرو۔ وقت آگیا ہے کہ تم جاہلیت کی زندگی چھوڑ دو اور اپنے ریڈیو کی سوئی میرے خطبے کی طرف گھمالو،اگر تم فلاح چاھتے ہو اپنے گناھوں سے تو اپنے گڈریے کی بات سنو اور بھیڑ بکریوں کی طرح قطار میں کھڑے ہو جاؤ۔

سنو! تم لوگ گردن اکڑا کر نہ چلو، ورنہ میں تمہیں بارود کی آگ میں بھسم کر دوں گا اور شاہراہِ القاعدہ کے راستے پر گامزن چلے آؤ۔  اور ایک وقت آے گا جب ہم اس پاک وطن پر ملا عمر کا قانون نافذ کر دیں گے جو اسلامی فلاحی مملکت کا ایسا شاہکار ہوگا کہ ننگ دھڑنگ گورے بھی اس کی نقالی کریں گے۔

مبارک ہیں وہ لوگ جو اپنے بچوں کو ہمارے پاس بھیجتے ہیں، جنہیں ہم خلعتِ فاخرہ پہنائیں گے، جن پر بارود کے جواہرات ٹانکے ہوں گے اور،جہنمی ہیں وہ لوگ جو اپنے بچوں کو اسکول بھیجتے ہیں۔

میرے حکم کو توجہ سے سنو تاکہ تم پر میرا عذاب نازل نہ ہو اور میری بندوق تمہیں تمہارے گناہوں سے آزاد نہ کر دے۔ میرے حکم نامے پر عمل کرو تاکہ ہم تمہیں مالم جبہ سے براہِ راست کیبل چیئرکے ذریحے جنت پہنچادیں۔

او اہلِ کالام،سوات اور کانجو ٹاؤن۔۔۔۔ بیس جولائی کا دن مبارک ہو سب کو، یہ وہ دن ہے جب ریڈیوکے موجد مارکونی اور مسولینی کی فاشسٹ کونسل کا رکن داخلِ جہنم ہوا تھا۔

اور۔۔۔ شیطانی گلوکاروں کی آوازیں ٹی وی، سی ڈیز اور کمپیوٹر پر نہ سنو۔ پرہیز کرو ایسے سازوسامان سے جو تمھارے دلوں میں جنسی ہیجان برپا کر دے۔ تمام سی ڈیزکو آگ میں جھونک دو سوائے ان سی ڈیز کے جو ہالینڈ کی بنی ہوں،انہیں اپنے مجاہد بھائیوں کے حوالے کر دو۔ ریڈیو کی صرف وہ آواز سننا تم پر حرام نہیں جو ہماری ہے۔

اور اپنے چہرے کے بال مت کاٹو۔ جو شخص اُسترا اپنی داڑھی کے قریب کرے، وہ شیطان کا دوست ہے۔ اور تمھاری داڑھی لالٹین کے شیشے کے برابر لمبی ہو۔ اگر تم اپنے داڑھی والے چہرے کو اپنے شانوں پر قائم دیکھنا چاہتے ہو، اورباقی چھپے بالوں پر اُسترا ضرور پھیرو۔

جاہلیت کے زمانے کے بت پرستوں کی طرح پتنگیں نہ اُڑاؤ۔ یہ شیطانی دھاگے کاٹ دو جن کی ڈوریاں ہلا کر شیطان تمہیں اپنے اشاروں پر نچاتا ہے کیونکہ یہ پتنگیں ہماری ریڈیو نشریات میں خلل ڈالتی ہیں۔

او پسلی سے پیدا ہونے والیو

نیل پالش اور میک اپ نہ کرو کہ کہیں تمہارے جہادی بھائی گمراہ ہوں۔ اپنے اپ کوایسے  ڈھانپ کر رکھو جیسے مصر کے قدیم مقبروں میں حنوط شدہ شہزادیاں۔ او پسلی سے پیدا ہونے والیو! مرد ڈاکٹروں سے الٹراساونڈ نہ کراؤ۔ تمھارے لیے ہماری ساونڈ ہی نجات کا باعث ہے۔

اپنے گھروں سے صرف محرم رشتہ داروں اور میرے جہادی بھائیوں کے ساتھ ہی باہر نکلو۔ اگر نکلو تو چمکدار جوتے مت پہنو کیونکہ یہ میرے جہادی بھائیوں کے دل میں ہل چل پیدا کرتے ہیں۔ تمھارے جوتے میرے پیادے سپاہیوں کو اوجڑی کیمپ کی طرح بھک سے اڑا دیتے ہیں۔

غسل خانے میں بائیں پاؤں سے داخل ہو ورنہ میرے پیادے تمھیں اسی پاؤں سے کھینچ کر میدان میں گھسیٹ کر لے آئیں گے اور تمھاری روسٹ قربانی دیں گے، جیسے ہمارے پرہیزگار اہلِ بہاولپور نے دی ہیں۔

فٹ بال مت کھیلو نیکر پہن کر۔ اہلِ سوات کو تربیت دو شمشیر و سنا کی، اور باکسنگ اور گھڑ سواری کی۔

او اہلِ کالام اورسوات! اپنی شلواریں اوپر باندھو اور ڈب کس لو تاکہ تمھارے ٹخنے نظر آئیں۔

اے پسلی سے پیدا کردہ مخلوق! لمبی شلواریں پہنو تاکہ تمھارے ٹخنے نظرنہ آئیں۔ سنو! پازیب نہ پہنو۔ یہ شیطانی آواز پیدا کرتی ہے۔

اپنے سر ڈھانپ کر رکھو اور کپڑا باندھو جیسا کہ زخمی انگلی پر باندھا جاتا ہے۔ اگر تمھارے سر ننگے ہوں گے تو پانچ سو سکے اپنے جہادی بھایوں کو نذرانے کے پیش کرو جیسا کہ منگل باغ کا حکم ہے۔

بے شک! کفار کے قتّال کا وقت آگیا ہے۔ کیا تم لوگوں کو القاعدہ کی سی ڈیز میں اس کی نشایناں نظر نہیں آتی ہیں۔ یہ نشانیاں ہیں امن کے متلاشیوں کے لیے!!!


صابر نذر
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔