پاکستان

اسلام آباد: 8 افغان بچے دفتر خارجہ کے حوالے

افغانستان کے علاقے نورستان سے تعلق رکھنے والے ان بچوں کو غیر قانونی طور پر پاکستان لایا گیا تھا — چائلڈ پروٹیکشن بیورو

لاہور: چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے 8 افغانی بچوں کو دفتر خارجہ کے حوالے کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ڈائریکٹر فاطمہ شیخ نے بتایا ہے کہ یہ بچے افغانستان کے علاقے نورستان سے غیر قانونی طور پر ایک مدرسے میں تعلیم کے لیے لائے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان بچوں کو اس وقت بازیاب کروایا گیا جب امین نامی ایک شخص انہیں خاموشی سے واپس لے جارہا تھا۔

فاطمہ شیخ نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں تین ماہ تک قیام پذیر رہنے والے ان بچوں کو اب دفتر خارجہ کے حوالے کردیا، جنہیں جلد افغانستان واپس بھیج دیا جائے گا۔