پاکستان

کوئٹہ میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین میں ایک پولیس اہلکار جبکہ دو ہزارہ برادری کے افراد ہیں۔

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح شرپسندوں کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پیر کو نامعلوم شرپسندوں نے کوئٹہ کے جوائنٹ روڈ پر قائم پوسٹ آفس کے قریب فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے جبکہ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ایف سی اہلکارموقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا، جبکہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے 2 افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے جبکہ پولیس اہلکار کی شناخت کالا خان کے نام سے ہوئی ہے،واقعے میں ایک ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون زخمی بھی ہوئیں۔

پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مقتولین کو سر میں گولیاں لگیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بازار اور دکانیں بند ہوگئی۔

گذشتہ روز بھی کوئٹہ کے باچا خان چوک پر ہونے والے بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوگئے تھے۔