’ہیٹ اسٹروک‘ متاثرین کی عیادت کیلئے ریحام کراچی میں
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی عیادت کے لیے ہفتے کو کراچی پہنچیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ریحام خان ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی عیادت اور ان کے اہل خانہ کی دل جوئی کے لیے کراچی ایئر پورٹ سے سیدھا جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر پہنچیں، تاہم ہسپتال ذرائع کے مطابق ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ ذرائع کے مطابق گذشتہ دو روز سے ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ کوئی مریض ہسپتال نہیں لایا گیا، جبکہ جو مریض اس مرض کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھے انھیں بھی ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔
جناح ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے ریحام خان کو گذشتہ دنوں ہیٹ اسٹروک سے ہلاک ہونے والے افراد کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر عمران خان کی اہلیہ نے دیگر مریضوں سے بات چیت بھی کی۔
اس سے قبل ریحام خان نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا تھا کہ وہ پہلے جناح ہسپتال جائیں گی اور وہاں جا کر ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی عیادت کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گی۔
پی ٹی آئی سربراہ کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اللہ کی جانب سے آتی ہیں تاہم اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ دھر کے بیٹھے رہیں۔
انھوں نے کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 1200 سے زائد افراد کی ہلاکت پر صوبائی اور وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’اس بے حسی کو تبدیل ہونا چاہیے‘۔
انھوں نے کہا کہ اگر چیریٹی کے ذریعے ہی سارے کام ہونے ہیں تو ہمیں حکومتی نمائندوں کی ضرورت ہی کیا ہے۔
عمران خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے ذاتی طور پر ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے لیے ایک شیلٹر کا انتظام کیا ہے جہاں لوگوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے سرد ماحول، پانی اور دیگر ضرورت کی اشیاء مہیا کی جائیں گی۔
انھوں نے اعلان کیا کہ جب تک کراچی میں موسم کی صورت حال بہتر نہیں ہوجاتی یہ شیلٹر قائم رہے گا۔
تاہم ریحام خان نے تسلیم کیا کہ مریضوں کی عیادت کے لیے آنے میں انھیں تاخیر ہوگئی ہے۔
|