لائف اسٹائل

'انڈیا پاکستان میں عمران عباس جیسا خوش شکل کوئی نہیں'

مظفر علی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ 'جان نثار' کے اداکار عمران عباس خوش شکل ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین اداکار بھی ہیں۔

ہدایت کار مظفر علی کا کہنا ہے کہ خوش شکل ہونے کے معاملے میں انڈیا اور پاکستان میں اداکار عمران عباس جیسا کوئی نہیں ہے۔

ممبئی مرر کو حال ہی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے مظفر علی کا کہنا تھا کہ عمران عباس ہروجیہہ اداکار ہیں اور انڈیا پاکستان میں ان جیسا کوئی نہیں ہے۔

مظفر علی 3 سال بعد کسی فلم کی ہدایات دے رہے ہیں، ان کا انڈیا کے زندگی چینل کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران عباس بہترین اداکار ہیں اسی لیے انہوں نے اپنی فلم جان نثار میں لیا ہے۔

زندگی ٹی وی چینل کے حوالے سے ہدایت کار کا مزید کہنا تھا کہ آج ہندوستان کے ہر گھر میں یہ چینل دیکھا جارہا ہے اور اس پر پاکستان کے بہت اچھے ڈرامے دکھائے جارہے ہیں۔

اپنی آںے والی فلم جان نثار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ 1877 کے دور پر مبنی ایک فلم ہے جس میں ایک ایسے آدمی کو دکھایا گیا ہے جو انگریزی ثقافت میں ڈھل گیا ہے اور اپنی علاقے میں واپس جانا چاہتا ہے۔

اپنے مستقبل کے منصوبے کی بات کرتے ہوئے مظفر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد سید ساجد حسین علی کی زندگی پر ایک فلم بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پہلا الیکشن 1937 میں مسلم لیگ کے خلاف لڑا تھا جس میں ان کو فتح حاصل ہوئی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے والد پاکستان بننے کے سخت خلاف تھے۔ یہ فلم 1930 کے دور پر بنائی جائے گی اور اس کی شوٹنگ لکھنئو سمیت اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ میں ہوگی۔

فلم جان نثار کا ٹریلر 7 جولائی کو ریلیز کیا جائے گا۔