کویت:خودکش بمبارکی شناخت، سہولت کار گرفتار
کویت: کویت کے سیکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ روز امام بارگاہ میں خودکش حملہ کرنے والے شخص کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ حملے کے دو سہولت کاروں سمیت متعدد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نماز جمعہ کے دوران خود کش حملہ کرنیوالے کی شناخت سعودی شہری فہد سلیمان عبدالمحسن القبا کے نام سے ہوئی ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار حملے سے ایک گھنٹہ قبل ہی سعودی عرب سے کویت کے ایئر پورٹ پہنچا تھا۔
کویت کے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ترجمان عدیل ہشاش کا کہنا تھا کہ ’وزارت داخلہ حملے میں ملوث افراد تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے‘۔
انھوں نے کہا کہ پولیس نے حملہ آور کو امام بارگاہ تک پہنچانے والے کار ڈرائیور عبدالرحمن صباح، جو کہ کویت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا اور اسے ٹہرانے والے مالک مکان کویتی شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس نے دہشت گردی میں معاونت کے الزام میں بھی کویت کے کئی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔
یاد رہے کہ کویت کی امام بارگاہ میں جمعے کے روز ہونے والے خود کش حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی، جہاں 2 ہزار افراد موجود تھے۔
اسی روز داعش نے وسطی ایشیا کے خطے میں ہونے والے دیگر دو خود کش دھماکوں کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔