پاکستانی فٹبال کپتان کلیم اللہ کا امریکی کلب سے معاہدہ
امریکا کے سیکنڈ ڈویژن کلب ساکرامینٹو ریپبلک فٹبال کلب نے پاکستانی فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ سے معاہدہ کر لیا ہے۔
اس بات کا اعلان کلب نے اپنی ویب سائٹ پر کیا۔
اسٹرائیکر، مڈ فیلڈر اور ونگر کی پوزیشن پر کھیلنے والے اسٹائلش کھلاڑی کو 2014 میں کرغزستان پریمیئر فٹبال لیگ میں اپنی ٹیم بشیک کو ٹائٹل جتوانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ چمن میں پیدا ہونے والے اس کھلاڑی نے 17 میچوں میں 16 گول کر کے گولڈن بوٹ کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
انہیں 2015 سیزن میں کرغزستان کا سال کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔
جب کلیم اللہ نے گزشتہ سال ایک کروڑ روپے کا معاہدہ کیا تو وہ کرغزستان کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔
22 سالہ کلیم اللہ سابق پاکستانی فٹبال ٹیم کے کپتان محمد عیسیٰ کے کزن ہیں اور انہوں نے پاکستان کی ڈومیسٹک لیگ میں ینگ افغان فٹبال کلب اور خان ریسرچ لیبارٹریز سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
پاکستانی کپتان نے سینئر سطح پر بھی کے آر ایل کے ساتھ کیریئر جاری رکھا اور پاکستا پریمیئر لیگ میں 94 میچوں کے دوران 72 گول اسکور کیے۔
2013 کے پی پی ایل سیزن میں کلیم اللہ نے ہیٹ ٹرک سمیت 31 گول اسکور کیے جس کے صلے میں انہیں 2014 میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی۔ وہ اب تک قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 25 میچوں میں چار گول داغ چکے ہیں۔
ساکرامینٹو فٹبال کلب کے تکنیکی ڈائریکٹر گراہم اسمتھ نے کلیم اللہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ ان کی پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی میں کا آئے گا۔