کراچی میں کارروائی، رینجرز کو فوج کی مکمل حمایت
کراچی: ایم کیو ایم کے ہیڈ کوارٹرز پر رینجرز کے چھاپے کے ایک دن بعد کراچی کے کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل نوید مختار نے پیراملٹری فورس کی کارروائی کی تعریف کی ہے۔
اس سے کراچی کے ’ٹارگٹڈ آپریشن‘ میں آنے والی حالیہ تیزی کو پاک فوج کی مکمل حمایت کا اشارہ ملتا ہے۔
کور کمانڈر نے پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈکوارٹرز کا جمعرات کو دورہ کیا اور ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک اس سلسلے میں انہیں وہاں بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے رینجرز کی ’سخت محنت‘ کی تعریف کی اور امید ظاہر کی یہ آپریشن اسی رفتار سے جاری رہے گا۔
رینجرز کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’کور کمانڈر نے رینجرز کے اہلکاروں کی لگن اور محنت کی تعریف کی جو شہر میں حالات کو معمول پر لانے اور اس کے استحکام کے لیے رات دن جدوجہد کررہے ہیں۔‘‘
اس بیان کے مطابق ’’کور کمانڈر نے امید ظاہر کی کہ بلاامتیاز آپریشن کی موجودہ رفتار آخری مجرم، دہشت گرد، ٹارگٹ کلر اور سماج دشمن عناصر کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن کسی قسم کے تعصب کے بغیر جاری ہے۔‘‘
سندھ رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بلال اکبر نے نائن زیرو اور ملحقہ علاقوں پر چھاپے کے بارے میں کور کمانڈر کو آگاہ کیا۔
رینجرز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ یہ آپریشن علاقے میں عادی ٹارگٹ کلرز، مفرور مجرموں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا، جو ایک ’نو گو ایریا‘ میں چھپے ہوئے تھے۔