پاکستان

پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کی واپسی کا فیصلہ

حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق اس طرح کے کرنسی نوٹ کی قانونی حیثیت یکم دسمبر 2016ء سے ختم ہوجائے گی۔

کراچی: حکومت نے اگلے سال کے اختتام تک پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کوبتدریج واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے کل ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن (4 جون، 2015ء) کے مطابق اس طرح کے کرنسی نوٹ کی قانونی حیثیت یکم دسمبر 2016ء سے ختم ہوجائے گی۔‘‘

اس سے قبل 5 روپے کے کرنسی نوٹ اور 500روپے کے پرانے ڈئزائن والے نوٹ بند کردیے گئے تھے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اب 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے باقی تمام نوٹ بند کردیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے سیکیورٹی، پائیداری اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے نئے نوٹوں کی سیریز کا اجراء کیا تھا، جس کا آغاز 2005ء میں بیس روپے کے نوٹ سے ہوا تھا۔

نئے ڈیزائن کے نوٹوں کی سیریز کے اجراء کا یہ عمل 5، 10، 20، 50، 100، 500، 1000، اور 5000 ہزار کے نوٹوں کے جاری ہونے پر 2008ء میں مکمل ہوگیا تھا۔ پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کی بینکوں سے تبدیلی کی آخری تاریخ 30 نومبر 2016ء ہے۔

پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کی قانونی حیثیت یکم دسمبر 2016ء سے ختم ہوجائے گی، اور اس کے بعد ایسے تمام نوٹوں کی تبدیلی اسٹیٹ بینک کے فیلڈ دفاتر سے 31 دسمبر 2021ء تک کی جاسکے گی۔

باقی تمام کمرشل اور مائیکروفنانس بینک صرف 30 نومبر 2016ء تک ہی 10، 50، 100، اور 1000 روپے کے پرانے ڈئزائنوں کے تمام نوٹ نئے نوٹوں اور سکوں کے ساتھ تبدیل یا قبول کریں گے۔

تاہم اسٹیٹ بینک کے فیلڈ دفاتر عام لوگوں سے 31 دسمبر 2021ء تک 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائنوں کے تمام پرانے نوٹ قبول کرتے رہے ہیں۔