امیتابھ ، ابھیشیک بچن پر 'ترنگے' کی توہین کا مقدمہ
غازی آباد: بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن پر ہندوستانی ریاست اتر پریش کے شہر غازی آباد میں قومی پرچم (ترنگے) کو جسم پر توہین آمیز انداز میں لپیٹنے کے الزام کے تحت ایک مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق درخواست گزار چیتن دھیمان نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں درج کرائی گئی شکایت میں کہا کہ امیتابھ اور ابھیشیک بچن کو رواں برس 15 فروری کو آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ گراؤنڈ میں پاک۔ہندوستان کرکٹ میچ کے دوران قومی پرچم کو جسم پر لپیٹے ہوئے دیکھا گیا۔
دھیمان کے وکیل سنجیو شرما کے مطابق مدعی اور ان کے 5 دوستوں نے میگا اسٹار کو قومی پرچم کو توہین آمیز انداز میں لپیٹے ہوئے دیکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی شہریت یافتہ اداکار اور ان کے بیٹے کے اس قدام سے پوری دنیا میں ہندوستان کی ساکھ خراب ہوئی۔
سنجیو شرما کے مطابق اداکار کی یہ حرکت قومی وقار کے تحفظ کے قانون برائے 1971 اور فلیگ کوڈ آف انڈیا برائے 2002 کے تحت آتی ہے اور دونوں کو عدالت میں طلب کر کے ان پر مقدمے چلایا جائے۔
یاد رہے کہ رواں برس 11ویں کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران 15 فروری کو پاکستان اور ہندوستان کے مابین کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے اپنے روایتی حریف پاکستان کو 76 رنز سے شکست دے دی تھی۔
مزید پڑھیں:'امیتابھ پاک-انڈیا میچ میں کمنٹری سے پہلے نروس'
جبکہ اس میچ میں امیتابھ بچن نے کمنٹری کے فرائض بھی سر انجام دیئے تھے۔