پکوان کہانی: نمکین گوشت
میری والدہ سب سے لذیذ نمکین گوشت تیار کرتی تھیں مگر ایسا سال میں ایک دفعہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہی ہوتا تھا۔ اگرچہ یہ حقیقی معنوں میں عید کا پکوان ہے، مگر میں اکثر اسے بنانے کے لیے التجائیں کرتی تھیں مگر امی ہمیشہ یہی کہتیں "بکرا عید تو بس کچھ دن بعد آنے ہی والی ہے۔"
اس پر احتجاج "امی! وہ تو ابھی چھ ماہ دور ہے" تو اس پر وہ ہمیشہ وعدہ کرتی تھیں "میں کل پکاﺅں گی" اور وہ کل ہمیشہ سال بھر بعد بکرا عید پر ہی آتی تھی۔
یہ ایک زبردست امر ہے کہ کس طرح یادگار لمحات اور مزیدار پکوان ہمارے ذہنوں میں اکھٹے جڑے رہتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہر ایک کے پاس اپنے گزرے ہوئے کل کی ایسی بہترین یادیں ہوں گی، جب والدین اور دادا دادی وغیرہ ہمیں کھانا تیار کرکے خوش کرتے ہیں تو اس میں مرکزی اجزاء احتیاط اور محبت سے بھرپور ہوتے ہیں۔
نمکین گوشت ایسا مزیدار پکوان ہے جس کا تعلق خیبرپختونخوا اور اس سے ملحقہ خطوں جیسے افغان، قبائلی علاقہ جات اور وسطی ایشیاء سے ہے جہاں کے پکوان ہمارے مقامی نمکین گوشت سے ملتے جلتے ہوتے ہیں اور وہاں انہیں بہت مزے لے کر کھایا جاتا ہے۔
گوشت سے بنے پکوان پہاڑی لوگوں کے دل پسند ہوتے ہیں جہاں گوشت کا استعمال خطے کے سخت نشیب و فراز کے مقابلے کے ساتھ ساتھ خود کو مضبوط اور گرم رکھنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اسے منہ میں گھل جانے کی حد تک نرم کیا جاتا ہے کیونکہ دھیمی آنچ میں پکانے اور کم سے کم اجزاء کا استعمال اسے گوشت کے چاہنے والوں کا ہر دور کا پسندیدہ پکوان بنا دیتا ہے۔