پاکستان

علی امین گنڈا پور کا 1 روزہ جمسانی ریمانڈ

صوبائی وزیر پر بلدیاتی انتخابات کےدوران بیلٹ باکس چھیننے، سرکاری کام میں مداخلت اورپولیس افسران سےبدتمیزی کا الزام ہے۔
|

ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا کے وزیرِ مال علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر کے خلاف بلدیاتی انتخابات کے دوران بیلٹ باکس چھیننے، سرکاری کام میں مداخلت اور پولیس افسران سے بدتمیزی کرنے کے الزامات کے تحت 3 مقدمات درج ہیں۔

منگل کو علی امین گنڈا پور کو ڈیرہ اسماعیل خان کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرنے کے لیے ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان صادق بلوچ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ان کی رہائشگاہ کو پانچ گھنٹے تک گھیرے رکھا۔

پولیس کی جانب سے صوبائی وزیر کے گھر کے گھیراؤ پرتحریک انصاف کے کارکنوں نے شدید احتجاج بھی کیا۔

گرفتاری سے قبل پولیس افسران اور علی امین گنڈا پور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور کے درمیان مذاکرات ہوئے، جس کے بعد صوبائی وزیرعلی امین گنڈاپور نے آخرکار ڈی آئی جی عبدالغفور آفریدی کو گرفتاری دے دی ۔

اس سے قبل پولیس کی جانب سے مقدمہ قائم کیے جانے پر علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ انھوں نے قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔

علی امین گنڈا پور کا موقف تھا کہ وہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے باعث پولنگ اسٹیشن اُس وقت گئے تھے جب پولنگ کا وقت ختم ہو چکا تھا۔