پاکستان

'3 بہادر فلم نہیں تحریک ہے'

فلم ریلیز کردی گئی ہے اور مجھے امید ہے کہ لوگ اسے بے حد پسند کریں گے، شرمین عبید چنائے۔

آسکر انعام یافتہ شرمین عبید چنائے کا اپنی فلم 'تین بہادر' کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ ایک فلم نہیں بلکہ تحریک ہے۔

حال ہی میں شرمین عبید چنائے نے ڈان کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے کارٹون فلم 3 بہادر کے حوالے سے کافی کچھ بتایا۔

شرمین سے سوال کیا گیا کہ اس فلم کا خیال انہیں کیسے آیا جس پر ان کا کہنا تھا کہ جب ہم چھوٹے ہوتے تھے، ہم عینک والا جن، انکل سرگم وغیرہ دیکھتے تھے البتہ آج کل کے بچوں کے پاس ہندوستان یا مغرب سے ڈب کارٹونوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ ان کے پاس اپنا کوئی کارٹون نہیں جس کی وجہ سے مجھے یہ فلم بنانے کا خیال آیا ہے۔

شرمین کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے کارٹونوں کو بہت اہمیت کا حامل سمجھتی ہیں اور انہیں ایسا لگتا ہے کہ ہم سب میں ایک بچہ چھپا ہے اور انہوں نے بس اسی بچے سے یہ فلم بنائی جو آج سینما میں دکھائی جارہی ہے۔

2012 میں ڈاکیومینٹری 'سیونگ فیس' کے لئے اکیڈمی ایوارڈ جیتا تو کیا انیمیشن پر کام کرنا انہیں پیچھے نہیں لے جائے گا؟ اس سوال پر شرمین کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہے میں کہانی بیان کرتی ہوں پھر چاہے ڈاکیومنٹری فلم ہو یہ انیمیشن فلم بنانے والے کو ہمیشہ رسک لینا چاہیئے۔

اپنی فلم 3 بہادر کے حوالے سے شرمین کا کہنا تھا کہ یہ 3 بچوں کی کہانی ہے جو کہ اپنی سپر پاورز کے ساتھ برائی کے خلاف لڑتے ہیں۔ اس طرح کی کہانیاں زیادہ تر ہولی وڈ کی فلموں میں دکھائی جاتی ہیں۔ فلم کا ٹائٹل 3 بہادر رکھنے کا مقصد یہ تھا کہ بچوں کو اس بات کا احساس ہو کہ وہ کسی عمر میں کچھ بھی کر سکتے ہیں اور ہر مشکل سے گزر سکتے ہیں۔ اس فلم کے ساتھ ہم ان بچوں کو یہ سیکھ دیں گے کہ ہر بچہ بہادر ہے ہم سب کے پاس کوئی نہ کوئی سپر پاور موجود ہے اور ایک ساتھ مل کر ہم ہر مشکل کو پار کر سکتے ہیں۔

فلم کے ہدایت کار کو کیسے یقین تھا کہ بولی وڈ کی فلم بومبے ویلوٹ، ہولی وڈ کی فلم میڈ میکس فیوری روڈ اور لوکل فلم ریوینج آف دا ورتھلس جیسی فلمز کی ریلیز کے ساتھ 3 بہادر اپنی جگہ بنا لے گی؟ اس سوال پر شرمین کا کہنا تھا کہ ہماری ٹارگٹ مارکیٹ ان تینوں فلمز سے بالکل مختلف تھی۔ 3 بہادر کامیڈی اور جذبات سے بھری ہوئی فلم ہے اور اس فلم میں شیراز اوپال کی جانب سے گائے ہوئے خوبصورت گانے بھی موجود ہیں جو شائقین کو لمبے عرصے تک یاد رہیں گے۔

شرمین کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی پہلی اینیمیڈٹ فیچر فلم ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر کے تقریباً 90 اسکولز میں بچوں کے لئے ایک اچھا پیغام لے کر جاچکی ہے۔ اس کے علاوہ ڈان کے میکزین ینگ ورلڈ میں اس فلم کے کامک کو روزانہ چھاپا جارہا تھا اور اس کے علاوہ انٹرنیشنل فاسٹ فوڈ چین نے ایک بہادر میل بھی لانچ کی ہے اور بسکٹ کمپنی نے فلم کی ریلیز کے قریب اپنا کور 3 بہادر کے طرح کا بنایا ہے جو کہ پاکستان میں پہلی بار ہوا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ اب 3 بہادر کی کتابیں اور شرٹس بھی بنائی جارہی ہیں جس سے جب بچے کسی بک اسٹور پر جائیں تو وہ 3 بہادر کی چیزیں خریدیں نہ کے ڈورا اور بین10 کو خریدنے کی خواہش کریں۔

پہلا پروجیکٹ بنانے میں مشکلات پیش آتی ہیں اس حوالے سے شرمین کا کیا کہنا تھا؟

اس سوال کے جواب میں آسکر ونر شرمین کا کہنا تھا کہ اگر دیکھا جائے تو پوری فلم بنانا نہایت مشکل تھا، دیگر ممالک میں ایک ساتھ بہت سارے اینیمیٹرز کو فلم میں لانا مشکل ہوتا ہے البتہ ہم نے پاکستان میں یہ کر دکھایا۔

شرمین کا کہنا تھا کہ میں ان سب کا شکریہ ادا کروں گی جنہوں نے اس فلم میں کسی نہ کسی طرح میری مدد کی ہے اور اس کا حصہ بنے ہیں جس میں اپوروا شاہ، ڈین گولڈن، جان اینگئیر، جان بوون، سمیت کئی لوگ شامل ہیں۔

شرمین کا کہنا تھا کہ 3 بہادر کی کاسٹنگ پورے عملے نے مل کر کی اور انہوں نے فلم کے کرداروں کے لیے موزوں ترین آواز تلاش کرنے کے لیے جی توڑ کوشش کی۔

فلم میں تجربہ کار اداکار خالد احمد کے ساتھ بہروز سبزواری بھی شامل ہیں اور بین الاقوامی اداکار عالی خان بھی کاسٹ کا حصہ بنے ہیں۔

شرمین کا کہنا تھا کہ جب فلم کی کاسٹ کے لئے نام شارٹ لسٹ کیے گئے تب انہوں نے بہروز صاحب کو بلایا اور اپنا خیال بتایا اور انہیں وہ بے حد پسند بھی آیا تھا جس کے بعد خالد صاحب اور علی خان بھی اسی طرح فلم کا حصہ بنے۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ تینوں بچے جنہوں نے 3 بہادر کے بچوں کی آواز دی ہے وہ دکھنے میں بالکل ان ہی تین بچوں کی طرح ہیں۔

فلم کی کہانی کے بارے میں شرمین کا کہنا تھا کہ 3 بہادر میں بچوں کے پاس سپر پاورز ہیں جس میں آمنہ کے پاس تیز رفتاری کی، سعدی نمبرز کے ساتھ اچھا ہے جبکہ کامل کے پاس اچھی سماعت کی طاقت ہے۔

شرمین کا کہنا تھا کہ ٹوائے اسٹوری، شریک اور میڈاگاسکر ان کی پسندیدہ اینیمیڈٹ فلمز ہیں۔

کیا 3 بہادر کا سیکیول بنے گا؟ اس سوال کے جواب میں شرمین کا کہنا تھا کہ یہ ایک سرپرائز ہے۔

شرمین کا کہنا تھا کہ 3 بہادر پاکستان میں ریلیز کردی گئی اور انہیں امید ہے کہ لوگوں کو یہ فلم بے حد پسند بھی آئے گی۔