یوسف رضا گیلانی کا اپنے مغوی بیٹے سے ٹیلیفونک رابطہ
ملتان : سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے رہنماء یوسف رضا گیلانی نے اپنے مغوبی بیٹے علی حیدر گیلانی سے ٹیلیفون پر آٹھ منٹ تک بات چیت کی ہے۔
اس ٹیلیفونک گفتگو کی تصدیق ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کی گئی ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سابق وزیراعظم جلال پور پیروالا کے علاقے میں قل خوانی کی ایک تقریب میں تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی کے ہمراہ شریک تھے جب ان کے اغوا ہو جانے والے بیٹے نے ایک افغان فون نمبر سے پی پی پی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر جاوید صدیقی کو ایس ایم ایس بھیجا گیا جس میں اس نمبر پر رابطے کا کہا تھا۔
یوسف رضا گیلانی نے فوری طور پر اس افغان نمبر پر فون کیا اور آٹھ منٹ تک اپنے بیٹے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے سے گفتگو کرکے بہت خوش ہیں۔
علی حیدر گیلانی نے شاہ محمود قریشی سے بھی بات چیت کی اور کہا کہ وہ اچھا کام کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ علی حیدر گیلانی کو نو مئی 2013 کو ملتان میں پیپلزپارٹی کے دفتر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔
علی حیدر گیلانی کا اغوا سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کے بعد دوسرا بڑا ہائی پروفائل کیس تھا جنھیں 26 اگست 2011 کو لاہور سے ان کی کمپنی کے ہیڈ آفس کے قریب سے اغوا کیا گیا۔