مردان: پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والا مسلح شخص ہلاک
پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ہوگیا تاہم جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیو ٹیم مردان کے علاقے تمبلک میں پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف تھی کہ حملہ آور نے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے باعث ٹیم کے ساتھ موجود پولیس کانسٹبل زخمی ہوگیا، جواب میں دوسرے کانسٹبل نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مسلح شخص موقع پر ہی مارا گیا۔
زخمی اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: پولیو ویکسین 'حرام' نہیں : لیبارٹری رپورٹ
واضح رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان تین ممالک میں ہوتا ہے، جہاں پولیو وائرس پایا جاتا ہے۔ ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جون 2014 میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے پولیو ویکسین کو لازمی قرار دیا تھا۔
المیہ یہ ہے کہ کچھ پاکستانی والدین پولیو ویکسین کو حرام قرار دے کر اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے گریز کرتے ہیں۔
دوسری جانب بہت سے پولیو رضاکار اس بیماری کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔