کھیل

بلال آصف کی سنچری، سیالکوٹ کامیاب

بلال آصف نے پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں تیز ترین سنچری بناکر نیا ریکارڈ قائم کرڈالا۔

فیصل آباد: پی سی بی سُپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سیالکوٹ اسٹیلیئنز نے ایبٹ آباد فیلکنز کو 87 رنز سے شکست دیدی۔

فیصل آباد کےاقبال اسٹیڈیم میں کھیلےجارہے میچ میں ایبٹ آباد کے کپتان جنید خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔

سیالکوٹ نے اپنے مقررہ 20 اووروں میں 241 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف بناڈالا۔

سیالکوٹ کی اننگز کے اسٹاربلال آصف رہے جنہوں نے صرف 48 گیندوں پر 10 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 114 رنز بنائے۔

یہ پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیز ترین سنچری تھی۔

ان کا بھرپور ساتھ سیالکوٹ کے کپتان شعیب ملک نے دیا جنہوں نے 37 گیندوں پر 56 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

ایبٹ آباد کی جانب سے جنید خان نے 60 رنز کے عوض دوجبکہ یاسر شاہ اور کامران غلام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ایبٹ آباد کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پوری ٹیم 153 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ہارون 22، کامران غلام 29 اور عدنان رئیس 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سیالکوٹ کی جانب سے اسامہ میر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پشاور پینتھرز نے راولپنڈی ریمز کو اپنے آخری گروپ میچ میں سات وکٹوں سے ہرادیا۔

میچ میں پشاور پینتھرز کی دعوت پر راولپنڈی ریمز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کےنقصان پر ایک سو پینتالیس رنزبنائے۔

نویدملک ستاون رنزبناکر نمایاں بیٹسمین رہے۔

جواب میں عادل امین کےناقابل شکست تریپن رنز کی بدولت پشاورپینتھرز نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کےنقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

محمدعامر ، محمداصغر اور حماد اعظم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔