اسلام آباد سے کراچی —'وی آئی پی' ٹرین کا افتتاح
اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آباد اور کراچی کے درمیان مکمل ائیرکنڈیشنڈ گرین لائن ٹرین سروس کا افتتاح کردیا۔
اس سلسلے میں جمعے کو اسلام آباد کے مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی موجود تھے۔
ریڈیو پاکستان پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں پاکستان ریلوے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 23 گھنٹے، 15 منٹ میں اسلام آباد سے کراچی پہنچنے والی گرین لائن ٹرین میں مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزارت ریلوے نے دعوی کیا ہے کہ ٹرین کا ہرمسافر وی آئی پی ہوگا، جس میں وائی فائی سمیت تین وقت کا مفت کھانا، صاف پانی، اخبار اور اسٹینڈرڈ بیڈنگ کی سہولت بھی ہے۔
اسلام آباد سے کراچی تک کے لیے بس کا کرایہ ساڑھے 5 ہزارجبکہ لاہورسے کراچی کے لیے اس کا کرایہ 5 ہزار ہوگا۔
جبکہ راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں مسافروں کی سہولت کے لیے خصوصی لاؤنج قائم کیے گئے ہیں۔
گرین ٹرین روزانہ سہ پہر سوا 3 بجے اسلام آباد کے مارگلہ اسٹیشن سے روانہ ہو گی اور اگلے دن سہ پہر ڈھائی بجے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔
'میرا انتخاب درست تھا'
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے حکومت کو مختلف اداروں کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کی کارکردگی حکومت کی کارکردگی ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے اپنی حکومت کا منشور بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور میں اداروں کی مضبوطی اور انھیں فعال کرنے کو اہمیت دی گئی ہے، ان ہی میں سے ایک ادارہ پاکستان ریلوے بھی ہے جو ایک عرصے سے زوال کا شکار چلا آرہا تھا۔
انھوں نے کہا کہ ریلوے کی بحالی ایک بہت بڑا چیلنج تھا اور یہ ذمہ داری اٹھانے کے لیے کسی پرجوش، باہمت اور محنتی شخص کی ضرورت تھی، یہی وہ تھی کہ خواجہ سعد رفیق کا انتخاب کیا گیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے اپنے انتخاب کو بالکل درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے 2 سال کی قلیل مدت میں پاکستان ریلوے کو ترقی کی پٹری پر ڈال دیا اور سال 2013 سے 2014 تک 2 ارب روپے زائد کی آمدنی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کا ریلوے ملازمین سے خاص تعلق ہے جبکہ مستقبل میں ریلوے کراچی سے کاشغر تک کا سفر فراہم کرے گی۔