کوئٹہ میں 2 خواتین پر تیزاب سے حملہ
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعے کو 2 خواتین پر تیزاب پھینک دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے مصروف ترین علاقے کاسی روڈ میں ایک حملہ آور نے سرنج کے ذریعے 2 خواتین پر اس وقت تیزاب پھینک دیا، جب وہ مارکیٹ میں شاپنگ کر رہی تھیں۔
خواتین کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل ہسپتال کے برن وارڈ منتقل کردیا گیا۔
سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) عبد الرزاق چیمہ کے مطابق خواتین کی شناخت 27 سالہ رمشا مسیح اور 15 سالہ حنا مسیح کی نام سے ہوئی ہے۔
بولان میڈیکل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مسعود نوشیروانی نے ڈان کو بتایا کہ تیزاب سے رمشا کے چہرے کا 30 فیصد جبکہ حنا مسیح کے چہرے کا 16 فیصد حصہ جل گیا۔
رزاق چیمہ کے مطابق متاثرہ لڑکیوں کے اہلخانہ نے اس کیس میں بریوری روڈ کے رہائشی وجے راجیش نامی شخص کو نامزد کیا تھا، جسے گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی بلوچستان میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے متعدد واقعات پیش آئے تھے، جن میں سے زیادہ ترکو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بازار میں شاپنگ کر رہی تھیں۔