نیا مالی سال: نواز شریف اور زرداری کی ملاقات
اسلام آباد: نئے مالی سال میں سندھ کے معاملات پر وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والی ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور آئندہ مالی سال میں سندھ میں ترقیاقی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
اس موقع پر دونوں جانب سے فنانس کے ماہرین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمیں آصف زرداری کے ساتھ سندھ کے وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور پی پی کے سابق وفاقی وزیر خزانہ سینٹر سلیم مانڈوی والا موجود تھے۔
دوسری جانب ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ ان کے قابل اعتماد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار موجود تھے۔
سینٹر مانڈوی والا کا ملاقات کے حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ روز کل جماعتی کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے، جو کہ سانحہ صفورہ گوٹھ میں اسمائیلی برادری کے 43 افراد کی ہلاکت اور نواز شریف کے کراچی کے وزٹ باعث نامکمل رہ گئی تھی۔
انہوں ںے کہا کہ ملاقات کے دوران وفاق کے نئے مالی سال کے بجٹ، تعطل کا شکار این ایف سی ایوارڈ اور پاک چین اقتصادی کوریڈور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ادھر مبصرین کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کراچی کا جاری آپریشن بھی زیر بحث آیا۔
جس پر مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں ہونے والی ملاقات کے دوران کراچی کے آپریشن پر بات چیت نہیں ہوئی ہے، تاہم انہوں نے ملاقات کی مزید معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا۔