کھیل

ہندوستانی حکام کو زمبابوے سیریز دیکھنے کی دعوت

چیئرمین پی سی بی نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ اور حکومت کے اہم نمائندوں کو پاک زمبابوے سیریز کیلئے لاہور آنے کی دعوت دی ہے۔

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے سربراہ شہریار خان نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان رواں ماہ لاہور میں کھیلی جانے والی سیریز کے لیے ہندوستانی کرکٹ بورڈ اور حکومت کے اہم نمائندوں کو میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق نے اپنے دورہ ہندوستان میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے اہم رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کر کے انہیں سیریز کے لیے دعوت نامے دیے تاکہ دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان ہندوستان کرکٹ تعلقات کی راہ بھی ہموار کی جا سکے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پی سی بی حکام نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ انوراگ ٹھاکر یا ارُن جیٹلی رواں ماہ لاہور میں زمبابوے کے خلاف ہونے والی سیریز میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

زمبابوے کی ٹیم 19 مئی کو دورہ پاکستان پر لاہور پہنچے گی جہاں وہ قذافی اسٹیڈیم میں تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

چیئرمین پی سی بی ان دنوں دورہ ہندوستان پر ہیں جہاں انہوں نے ہندوستانی حکومت اور بی سی سی آئی کے اہم نمائندوں سے ملاقاتیں کی۔

بی سی سی آئی صدر جگموہن ڈالمیا سے کولکتہ میں ملاقات کے دوران شہریار خان نے پاکستانی کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں شرکت کی اجازت نہ ملنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔

پی سی بی آفیشل کے مطابق ڈالمیا نے یقین دہانی کرائی وہ اس معاملے پر غور کریں گے اور اس پر انڈین بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں بات کی جائے گی۔