لائف اسٹائل

'میں اپنی پوری زندگی صرف ڈرامے نہیں کر سکتا'

فہد مصطفی ڈراموں کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں اور اب ان کی اگلی منزل بولی وڈ کی فلمیں ہیں

پاکستانی اداکار فہد مصطفٰی ڈراموں کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں اور اب ان کی اگلی منزل بولی وڈ کی فلمیں ہیں۔

ڈان نیوز سے بات کرتے فہد نے بتایا کہ وہ بہت جلد انڈیا اپنی پہلی فلم میں کام کرنے کے سلسلے میں جانے والے ہیں اور اس وقت وہ ہدایت کار انجم شہزاد کی فلم 'ماہ میر' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

فہد کا کہنا تھا کہ انڈیا میں ان کی جانب سے کی جانے والی فلم کی شوٹنگ اس سال ستمبر یا اکتوبر میں شروع کی جائے گی۔

ڈرامہ انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ؟

فہد نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے اس سال انہوں نے کوئی ڈرامہ سائن نہیں کیا البتہ اگر ان کو کسی اچھے ڈرامے میں کام کرنے کی آفر آئی تو وہ اسے ضرور قبول کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ہمیشہ ڈراموں میں کام کرنے والے اداکار بن کر نہیں رہنا چاہتے البتہ اگر فلموں میں انکی اداکاری کو پسند نا کیا گیا تو وہ ڈراموں میں کام کرنا جاری رکھیں گے۔

اپنی انے والی فلم ماہ میر کے حوالے سے فہد کا کہنا تھا کہ یہ فلم عید الفطر اور عید قربان کے درمیان ریلیز کی جاسکتی ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے سال اس فلم کے ٹریلر نے کافی دھوم مچائی تھی اور تب سے ہی فہد کے مداح اس فلم کے ریلیز ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

فلم ماہ میر کیننز، ٹورنٹو، پونے اور جرمنی کے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی دکھائی جائے گی۔

سرمد سہبائی کی لکھی ہوئی یہ فلم میر تقی میر کی زندگی پر بنائی جارہی ہے اور اس میں فہد مصطفی کے ساتھ ساتھ ایمان علی اور سنم سعید بھی اہم کردار کرتی نظر آئیں گی۔

اپنی فلم نا معلوم افراد کے حوالے سے فہد کا کہنا تھا کہ یہ اب بھی سینماز میں دکھائی جارہی ہے اور حال ہی میں جرمنی میں انڈین منسٹر فلم فیسٹیول میں دکھائی گئی اور یہ پاکستان کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔