ڈیرہ غازی خان میں اسکول پر حملہ کی خبر غلط نکلی
سیکورٹی اہلکار عباس اتفاقاً اپنی ہی بندوق سے چلنے والی گولی سے ہلاک ہوا، پولیس۔
لاہور: ڈیرہ غازی خان کے ایک اسکول میں تعینات سیکورٹی اہلکار عباس اتفاقاً اپنی ہی بندوق سے چلنے والی گولی سے ہلاک ہو گیا۔
اس سے پہلے خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے دعوی کیا تھا کہ عباس کی ہلاکت سکول پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہوئی تھی۔
انسپکٹر جنرل پنجاب مشتاق سکھیرا کی ترجمان نبیلہ غضنفر نے حادثاتی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عباس لڑکوں کے ہائی اسکول کے دروازے پر کھڑے تھے جب دوپہر 12.26 منٹ پر سکول کے چوکیدار اور دوسرے عملے نے فائر کی آواز سنی اور عباس کو مردہ حالت میں پایا۔
پولیس نے جائے حادثہ کے معائنہ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور چوکیدار کے بیان کی روشنی میں اسے حادثاتی موت قرار دیتے ہوئے سکول پر حملے کی ابتدائی خبر مسترد کر دی۔
واقعہ کے باوجود اسکول میں معمول کی سرگرمیاں جاری رہیں جبکہ عباس کی لاش موسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی گئی۔