پاکستان

کراچی میں مافیاز کا خاتمہ کیا جائے گا، آرمی چیف

رینجرز اور انٹیلی جنس ادارے قتل کے حالیہ واقعات کے پیچھے کارفرما عناصر بے نقاب کریں، راحیل شریف۔

کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں عوام اور حکومت کے ساتھ مل کر ہر طرح کے مافیاز کا خاتمہ کیا جائے گا۔

کور ہیڈکوارٹرز کراچی میں امن و امان پر بریفنگ سے خطاب میں جنرل راحیل نے ہدایت دی کہ رینجرز اور انٹیلی جنس ادارے قتل کے حالیہ واقعات کے پیچھے کارفرما عناصر بے نقاب کریں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ قتل کے حالیہ واقعات کوسامنے رکھتے ہوئے سیکیورٹی ادارے حکمت عملی پرنظرثانی کریں کیوں کہ تشدد کی حالیہ کارروائیاں مخصوص منصوبہ بندی کی نشاندہی کرتی ہیں۔

جنرل راحیل کا کہنا تھا کراچی میں عوام اور حکومت کے ساتھ مل کرمافیاز کاخاتمہ کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہرمیں رینجرز آپریشن عوام اور حالات کی بہتری کیلئے ہے اس سے امن آرہا ہے۔

راحیل شریف کے مطابق ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات میں کمی ہوئی ہے اوریہ بلاتفریق جاری رہے گا۔

انہوں نے این اے دوسو چھیالیس میں ضمنی الیکشن کے پرامن انعقاد پر رینجرز کے کردار کی تعریف بھی کی۔