سائنس و ٹیکنالوجی

ایل جی کا نیا ’لیدر‘فون

خالص چمڑے کے بیک کور والے G4 میں نئی کیمرہ ٹیکنالوجی بھی استعمال کی گئی ہے۔

نیو یارک: ایل جی نے ایپل کے آئی فونز اور سام سنگ کی گیلکسی سیریز سے خود کو ممتاز رکھنے کی کوشش میں لیدر بیک پر مشتمل نیا سمارٹ فون متعارف کروا دیا۔

منگل کو ایل جی کے نئے سمارٹ فون G4 کی تقریب رونمائی کا موضوع ’ہم دوسروں کی طرح نہیں‘تھا۔

سمارٹ فون مارکیٹ میں ایپل اور سام سنگ کی اجارہ داری کے بعد ایل جی اور دوسری کمپنیاں مارکیٹ کے باقی پانچ فیصد شیئر کیلئے مدمقابل ہیں۔

خیال رہے کہ ایپل اور ایچ ٹی سی میں دھات اور سام سانگ کے سمارٹ فونز میں بیک کور کیلئے گلاس اور پلاسٹ استعمال ہوتا ہے لیکن ایل جی نے اپنے نئے G4 میں مضبوط پکڑ کیلئے خالص چمڑے کے بیک کور استعمال کیے ہیں۔

تقریب رونمائی میں ایل جی نے نام لیے بغیر سام سنگ کو ہدف بناتے ہوئے حاضرین کو یاد دلایا کہ شیشے کے بیک کورز پر انگلیوں کے نشان باآسانی نظر آتے ہیں۔

ایل جی نے نئے فون میں پہلے کی نسبت بہتر کیمرہ ٹیکنالوجی بھی متعارف کروائی ہے۔ کمپنی نے تقریب میں G4 کی قیمت اور ریلیز کی تاریخ بتانے سے گریز کیا۔ اے پی