پاکستان

سبین محمود قتل، آئی ایس پی آر کی مذمت

ڈائریکٹر آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو اس قتل کی تحقیقات میں معاونت کرنے کی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔

اسلام آباد: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے انسانی حقوق کے لیے سرگرم رہنما سبین محمود کے قتل کی مذمت کی ہے، جنہیں ایک دن قبل کراچی میں سفاکانہ طریقے سے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔

ڈائریکٹر آئی ایس پی آر عاصم باجوہ نے ٹوئیٹر پر ایک پوسٹ میں اپنے مختصر بیان میں اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس کو ’’افسوسناک اور المناک‘‘ قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں کو اس قتل کی تحقیقات میں معاونت کرنے کی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔

بظاہر آئی ایس پی آر کا بیان سبین کے قتل کے بعد سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی تنقید کے ردّعمل کے طور پر سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ سبین محمود کو کراچی میں کل اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا، جب وہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ایک سیمینار کی میزبانی کرنے کے بعد گھر واپس جارہی تھیں۔

اس سیمینار کا عنوان تھا، ’’بلوچستان پر اقوامِ متحدہ کی خاموشی‘‘، بلوچ حقوق کے دو ممتاز رہنما ماما قدیر اور فرزانہ بلوچ نے دیگر مقررین کے ساتھ اس سیمینار سے خطاب کیا تھا۔