پاکستان

2015: ایک لاکھ 43 ہزار 368 پاکستانی حج کیلئے جائیں گے

وفاقی وزیرمذہبی امورنے پالیسی کااعلان کیا، رواں سال پیکج 2لاکھ 64ہزار971روپے ہوگا، بلوچستان کےعازمین کو رعایت دی گئی ہے

اسلام آباد : 2015 کی حج پالیسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے پریس کانفرنس حج پالیسی کا اعلان کیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا تھا کہ رواں برس ایک لاکھ 43 ہزار 368 عازمین حج کے لیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال حج اخراجات گزشتہ سال سے کم ہیں، رواں سال عازمین حج کو کھانے کی سہولت دی جائے گی۔

حج پالیسی2015 کے حوالے سے سردار یوسف نے مزید کہا کہ رواں سال حج کا پیکج 2 لاکھ 64 ہزار 971 روپے ہے جبکہ بلوچستان سے عازمین حج کا پیکج 2 لاکھ 55ہزار 971 روپے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے لئے 14 ہزار 210 روپے اضافی جمع کروانے پڑیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 50فیصد عازمین سرکاری اسکیم جبکہ 50فیصد پرائیوٹ ٹوور آپریٹرز کے تحت حج کے لیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پچاس فیصد عازمین براہ راست مدینہ منورہ جبکہ 50فیصد جدہ جائیں گے۔

سردار یوسف کہنا تھا کہ حجاج کی خدمت کے لیے 200 دیگر افراد بھی جائیں گے جبکہ حج کے میڈیکل مشن میں 450 افراد شامل ہوں گے۔