پاکستان

بہاولپور میں دنیا کا سب سے بڑا شمسی توانائی منصوبہ

پاکستان کا900 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کیلئے ایک چینی کمپنی سے 1.5 ارب ڈالرز کا معاہدہ۔

اسلام آباد: پاکستان نے بہاولپور میں دنیا کے سب سے بڑے 900 میگا واٹ شمسی توانائی کےمنصوبے کیلئے ایک چینی کمپنی سے 1.5 ارب ڈالرز کا معاہدہ کر لیا۔

بدھ کو وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر برائے خواجہ محمد آصف سے حتمی ملاقاتوں کے بعد زونرجی کمپنی لمیٹڈ کے صدر یو یانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ چین میں ان کی کپمنی مجموعی طور پر 1200 میگا واٹ کے شمسی پلانٹس چلا رہی ہے جن میں سب سے بڑا منصوبہ ژن جیانگ میں 170 میگا واٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زونرجی 17 سالوں سے پاکستان کے ساتھ کام کر رہی ہے اور 1998 سے یہ کمپنی زی ٹی ای کے ذریعے پاکستان کی ٹیلی کام سیکٹر میں خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے بتایا: بہاولپور کے قائد اعظم شمسی توانائی پارک میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا ایسا پراجیکٹ ہو گا۔

زونرجی کے ایک ڈائریکٹر نجید صادق نے بتایا کہ 50 میگا واٹ پر مشتمل پہلا یونٹ رواں سال 14 اگست سے پیداوار شروع کر دے گا، جس کے بعد 25 دسمبر کو 250 میگا واٹ کا ایک اور منصوبہ بھی متحرک ہو جائے گا۔

نجید صادق کے مطابق، اس کے بعد ہر مہینے 100 میگا واٹ توانائی قومی گرڈ میں شامل ہوتی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے ایکزم بینک اور چینی ترقیاتی بینک اس منصوبے کیلئے فنڈز مہیا کریں گے اور اگلے سال کے آخر تک 900 میگا واٹ کا یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔

یونگ نے بتایا کہ صاف ستھری اور محفوظ شمی بجلی عالمی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔

امید ہے کہ 4500 ایکڑ رقبے پر پھیلا شمسی توانائی سٹیشن 1.271 ارب کلو واٹ ہاور کی بجلی پیدا کر سکے گا جبکہ اس سے کم از کم 3300 ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔