پاکستان

‘آصف زرداری نے ایان علی کے ذریعے منی لانڈرنگ کروائی’

پی پی پی رہنما ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ بلاول کراچی میں آپریشن کے خواہشمند تھے، اسی لیے ان کی چھٹی کردی گئی۔

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ذوالفقار مرزا نے سابق صدر آصف علی زرداری پر ماڈل ایان علی کے ذریعے منی لانڈرنگ کروانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف مشترکہ تفتیشی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ‘‘جائزہ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک جانے والی رقم آصف زرداری کی تھی اور ایان علی کو وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ بلاول ہاؤس لایا اور لے جایا جاتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ اگر وہ گرفتار نہ ہوتیں تو فریال تالپور اور ہماری بھابھی ہوتیں۔

ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف کرپشن کی تفتیش کرنا مشکل کام نہیں، لیکن وزیراعظم کے بیان کے باوجود بھی نیب کرپٹ لوگوں کے خلاف ایکشن نہیں لے رہا۔

‘پیپلز پارٹی اب وہ پیپلز پارٹی نہیں رہی’

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اختلافات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل ٹی وی پر آکر زرداری نے اپنے بیٹے کے لیے جو الفاظ استعمال کیے ، ان کو سن کر کوئی بھی اس بات سے انکار نہیں کرے گا کہ دونوں کے درمیان اختلافات ہیں۔

جب ان سے بلاول اور زرداری میں اختلافات کی وجہ معلوم کی گئی تو انہوں نے کہا کہ بلاول کی وہی خواہش تھی جو آج رینجرز کررہی ہے اور جب انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تو ان کی چھٹی کردی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اب وہ پیپلز پارٹی نہیں رہی اور اب یہ ایک 'کٹر زرداری لیگ' بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جماعت میں اب صرف زرداری اور ان کے لوگوں کی بات سنی جاتی ہے۔

تاہم، سابق وزیر نے یہ بھی کہا کہ وہ سندھ کے لاچار عوام کو پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت سے آزادی دلانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ ماڈل ایان علی کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان سامان میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ اتنی بڑی رقم لے جانا کسٹم قوانین کے خلاف ہے اور منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔