پاکستان

افغان آرمی چیف کی جنرل راحیل سے ملاقات

ملاقات کے دوران افغانستان میں امن واستحکام سے متعلق معاملات، دفاعی اور تربیتی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے افغان چیف آف جنرل اسٹاف جنرل شیر محمد کریمی نے ملاقات کی ہے جس میں افغانستان میں امن و استحکام سے متعلق معاملات اور دفاعی اور تربیتی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان چیف آف جنرل اسٹاف جنرل محمد کریمی نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں افغانستان میں امن و استحکام اور پاک افغان بہتر سرحدی انتظام کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور تربیتی شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان جنرل کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جنرل کریمی نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

جنرل شیر محمد کریمی کل یعنی ہفتہ کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بھی بطور مہمان خصوصی خطاب کریں گے۔