آرمی چیف کا غیرملکی ایجنسیوں کو انتباہ
اسلام آباد : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بین الاقوامی ایجنسیوں اور ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ بلوچستان میں دہشتگردوں کی حمایت کرکے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش سے باز رہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ، کمانڈر سدرن کمانڈ سے ملاقاتیں کیں جب کہ ایف سی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرکے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیا۔
آرمی چیف نے تربت میں دہشت گردوں کے ہاتھوں غریب مزدوروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان حکومت کی معاونت کرتے ہوئے ان عناصر کا صفایا کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرددوں کو مدد فراہم کرنے والی تمام غیرملکیوں ایجنیسوں اور ممالک کو شکست دے کر رہیں گے۔
آرمی چیف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر ایف سی اور لیویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج صوبے میں امن و ترقی کے لیے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، جب کہ ایف ڈبلیو او یہاں اپنے منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں، ان کے مددگاروں، ہمدردوں، فنانسرز کسی کو بھی ملک میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور ریاستی رٹ کی بحالی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
بلوچستان میں سیکیورٹی چیلنجز کو بیان کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے سول و عسکری قیادت کی مربوط حکمت عملی پر زور دیا تاکہ بلوچستان میں امن کا قیام ممکن بنایا جاسکے۔